امتحان میں کامیابی کے سنہرے اصول (رائٹر: حافظ عبداللہ سلیم)

07:30 0 Comments

100٪رزلٹ کیسے؟
(رائٹر: حافظ عبداللہ سلیم)
امتحان میں 100فی صد نمبر لینے کے سنہرے اصول
أَلَّا تَزِرُ وَازِرَۃٌ وِزْرَ أُخْرَی ؟ وَأَنْ لَیْسَ لِلْإِنْسَانِ إِلَّا مَا سَعَی ؟ وَأَنَّ سَعْیَہُ سَوْفَ یُرَی ؟ ثُمَّ یُجْزَاہُ الْجَزَاء َ الْأَوْفَی؟ وَأَنَّ إِلَی رَبِّکَ الْمُنْتَہَی ؟وَأَنَّہُ ہُوَ أَضْحَکَ وَأَبْکَی ؟ وَأَنَّہُ ہُوَ أَمَاتَ وَأَحْیَا
(النجم)
عصری تعلیم کے لحاظ سے یہ دور اپنے عروج کا دور ہے،مقابلہ بازی کا شوق ہر ذہن پہ سوار ہے ،ہر کوئی ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کے لئے بے تاب ہے،دوسری طرف سرکاری و پرائیویٹ شعبہ جات کا معیار بھی دن بدن بڑھتا چلا جا رہا ہے، ہرسٹوڈنٹ کے لیے رزلٹ کو بہتر بنانا ضروری ہو گیا ہے، تعلیم کے دوران سست رہنے والے اور کم نمبر لینے والے کے لئے ترقی کے تمام راستے بند ہو کر رہ جاتے ہیں،ایسا شخص تعلیم حاصل کر کے بھی نکما اور پڑھ کر بھی ان پڑھ کہلاتا ہے۔
دین اسلام جہاں آخرت کی بہتری کی طرف توجہ دلاتا ہے وہاں دنیاکی بہتری کا بھی خواہاں ہے خود اللہ کے رسول ا بھی آخرت کے ساتھ ساتھ دنیا کی عزت کے لیے بھی دعا گو رہتے تھے۔
پیپر میں ١٠٠٪نمبر لینا کیسے ممکن ہے آئیے ہم آپ کو کچھ اصول بتاتے ہیں آپ ان پر عمل کر کے اپنی کامیابی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ان شاء اللہ۔
پیریڈ یا لیکچرمیں باقاعدہ حاضری کی عادت بنائیں،کہیں ایسا نہ ہو غیر حاضری سے آپ کو اس سے اگلے پچھلے کئی اسباق سمجھ نہ ۤائیں۔
سبق اونچی آواز میں یاد کریں،جو الفاظ آپ کی سماعت سے ٹکرائیں گے وہ آپ کو تا دیر یاد رہیں گے۔
نوٹ:اس کاانحصار آپ کی اپنی طبیعت پر ہے۔
صرف منتخب سوال یاد نہ کریں۔
تمام کتابوں کو وقت دیں۔آسان کتابوں کو ٹائم دینا چھوڑ دینے سے مجموعی طور پر آپ کا رزلٹ بہت نیچے آنے کا خطرہ ہے۔
جتنا بھی یاد کریں خوب اچھی طرح کریں۔
اہم اور مشکل نکات پہ نشان لگاتے جائیں۔
پیپروں کے دوران :
( پیپروں کے دوران ان ہدایات پر عمل کریں۔)
صرف پہلے سے یاد کیا ہو ا دہرائیں،کیونکہ آپ کے پاس وقت بہت کم ہو گااس لیے اگر آپ نیا یاد کرنے کی کوشش کریں گے تواس پہ بہت زیادہ وقت لگے گا اور آپ کو پہلے سے یاد کیا ہوا تیار کرنے کے لیے بہت کم وقت ملے گا۔
ٹائم ٹیبل کو سامنے رکھ کر پڑھیںاور تقریبا ایک گھنٹے بعد10منٹ ریسٹ کریں۔
ریسٹ میں نیند لینے کی بھی کوشش کریں کیونکہ سو کر اٹھنے سے انسان اچھی طرح فریش ہو جاتاہے۔
مطالعہ کے دوران اپنے پاس پانی رکھیں، تھوڑی دیر بعدپانی پیتے رہنے سے بھی انسان تازہ دم رہتا ہے۔
دوہرائی کے بعد بورڈ کے سابقہ پیپرز حل کریںاس سے آپ کے اندر خود اعتمادی بڑھے گی ۔
پیپر کے دن :
نماز تہجد کم از کم دو رکعت ضرور ادا کریں ۔اور پوری دلجمعی کے ساتھ اللہ سے اپنی کامیابی کی دعا کریں۔
گھر سے نکلتے وقت یا بورڈ میں پہنچ کر حاجت کے دو رکعت نوافل ادا کریں۔
درود شریف کثرت سے پڑھیں۔اور یہ دونوں دعائیں بار بار پڑھیں:
رَبِّ اشْرَحْ لِی صَدْرِی وَیَسِّرْ لِیْ اَمْرِیْ وَاحْلُلْ عُقْدَۃً مِنْ لِّسَانِی یَفْقَھُوْا قَوْلِی
اس آیت کا مفہوم یہ ہے ۔یا اللہ! میرا دل و دماغ کھول دے اور میرا کام میرے لیے آسان کر دے۔
رَبِّ یَسِّرْ وَلَا تُعَسِّرْ وَ تَمِّمْ بِالْخَیْرِِِ
''اے میرے رب!آسانیاں پیدا فرما، مشکلات سے محفوظ فرمااوراس کام کو خیریت سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔''
پیپر کے دوران :
اللہ کا نام لے کر کمرہ امتحان میں داخل ہوں اور پیپر وصول کریں۔
اِدھر ،اُدھر کے سارے خیالات بھلا کر اپنے پیپر پر توجہ دیں۔
ایک دفعہ مکمل پیپر بغور پڑھ لیں۔اور کسی بھی سوال کا جواب دیتے وقت سوال کو پھر دھیان سے پڑھیں ۔
کمرہ امتحان میں گھڑی لیجانا مت بھولیں۔
معروضی پیپر سے فارغ ہو کر اپنا ٹائم سیٹ کریں۔ہر سوال کو جو آپ وقت دینا چاہتے ہیں اتنا وقت متعلقہ سوال کے اوپر لکھیں۔ہر سوال کو اس کے مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے پر پورا زور لگائیں۔اللہ نہ کرے آپ کی پوری کوشش کے باوجود سوال مکمل نہیں ہو سکا ،توآپ اس کے لیے مناسب جگہ چھوڑ کر اگلا سوال شروع کریں ۔اور کوشش کر کے باقی سوالات سے ٹائم نکال کر اپنے اس ادھورے سوال کو دیں۔(اس سے آپ کے اندر چستی پیدا ہو گی)۔اور آپ اپنے سارے سوالات حل کر سکیں گے۔
ہر جواب کو لکھتے وقت اسکی نمبرنگ کا خاص خیال رکھیں۔یعنی سوال کا نمبر سوالیہ پیپر کے مطابق لکھیں ۔
آسان سوال کو پہلے حل کریں اور ان سوالات کو بھی پہلے حل کریںجو چھوٹے مگر ان کے نمبرزیادہ ہیں۔اگرچہ آپ کو پیپر کا سب سے آخری سوال آسان لگتا ہے تو آپ پہلے اسے ہی لکھیںلیکن اسکا نمبر سوالیہ پیپر پراگر5ہے تو آپ سوال نمبر 5 ہی لکھیں گے۔
اپنی کم علمی کا رونا مت روئیں،''پلیز مجھے پاس کر دیں'' اور اس طرح کی دیگرگھٹیا باتیں مت لکھیںاس سے چیکر پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔
مضمون ،خلاصہ اور اس طرح کی دیگر چیزوں میں اہم نکات کوہائی لائٹ کرنے سے چیکر کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔
آپ خیالاتی طور پر اپنے آپ کو چیکر سمجھیں، جو ایک دن میں کئی پیپر چیک کرتا ہو،اور پھر غور کریں، کہ آپ کو کونسی چیز متاثر کرے گی ،بس انہی اصولوں کو سامنے رکھ کر اپنے پیپر کو زیادہ سے زیادہ متاثر کن بنائیں۔
پیپر ختم ہونے کے بعد غور سے پڑھیں،تاکہ غلطیوں کی تصحیح ہو سکے۔
پیپر کے بعد
پیپر سے فارغ ہو کر بورڈ کی مسجد میں، یا گھر آکر شکرانے کے دو نوافل ادا کریں۔
اپنے جوابات کتاب سے میچ نہ کریں۔اپنے اگلے پیپر کی تیاری کریں۔محنت کریں اور نتائج اپنے اللہ پہ چھوڑ دیں۔
لطیفہ
میں بورڈ میں اسلامیات کے پیپر سے فارغ ہوکر کمرہ امتحان سے باہر آیا ،ہمارے گاؤں کا ہی ایک ساتھی ملا،میں نے پوچھا کہ بھائی پیپر کیسا رہا ،بھائی نے بتایا کہ ــــــــــــــپیپر میں سیدنا موسیuکی زندگی پر ایک سوال پوچھا گیا تھا، جو پانچ نمبر کا تھا، میں نے سب سے پہلے اسے شروع کیا ،اور باقی پیپر جو کچھ وقت بچا، اس میںحل کیا، وہ تو بہت خوش اور ہنس رہا تھا، جب کہ مجھے رونا آرہا تھا کہ اس بے چارے کو پیپر حل کرنے کا طریقہ بھی کسی نے نہ بتایاکہ پیپر میں ٹائم کو کیسے سیٹ کرنا ہے۔
راہنمائی :
رزلٹ کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لیے پیپر سیٹ کرنے والوں،چیک کرنے والوں سے راہنمائی لیں۔ان اساتذہ سے رابطہ کریں جن کے طلباء زیادہ اچھے نمبر لیتے ہیںیا ان طلباء سے راہنمائی لیں، جن کا پچھلے امتحانات میں میرٹ اچھا رہا۔
خوراک :
پیپرز، اور ان کی تیاری کے دوران اپنی خوراک کا خاص خیال رکھیں۔ہاضمے کو خراب کرنے والی خوراک سے پرہیز کریں۔اس طرح پیپرز کی تیاری کے دوران کیونکہ وقت بہت قیمتی ہوتا ہے کھانے پہ بھی کافی وقت صرف ہو جاتا ہے اس حوالے سے بہتر یہ ہے کہ آپ نرم ،جلد ہضم ہونے والی اور ایسی چیزیں استعمال کریں جو بیک وقت آپ کی بھوک بھی مٹائیں، جسم اور دماغ کو قوت بھی بخشیں۔(بادام ،اخروٹ،شہد،کھجور،دہی ، گاجرکا حلوہ اور سیب وغیرہ)
دلچسپ اور مجرب دعا :
اگر آپ چاہتے ہیں کہ پیپر میں وہی آئے جو آپ یاد کر کے جائیںیا آپ وہی سوال یاد کریں جو پیپر میں آجائے۔تو آئیے ہم آپ کو ایسی دعا بتاتے ہیں جس پہ ذاتی تجربہ بھی ہے۔
پیپر کی تیاری کے وقت اور پیپر شروع ہونے سے پہلے یہ دعا کثرت سے پڑھیں۔
اللّٰھُمَّ انْفَعْنِی بِمَا عَلَّمْتَنِیْ وَ عَلِّمْنِیْ مَا یَنْفَعُنِیْ وَ زِدْنِیْ عِلْمًا
''اے اللہ!جو آپ نے مجھے سکھا دیا اسے میرے لیے فائدہ مندبنا دے اور مجھے وہ سکھا جو مجھے فائدہ دے اور میرے علم میں اضافہ فرما۔''
(ترمزی3599)
اہم بات :
علم اور تعلیم سے وابستہ عزیز بھائیوں اور قابل صد احترام بہنوں کی خدمت میںآخری گزارش یہ ہے کہ اپنی فکر کریں، اپنے والدین کے جذبات کی قدر کریں،ان کو ٹھیس نہ پہنچائیں۔توجہ ،انہماک اور پوری کوشش کے ساتھ اپنے معیار کو اعلی بنائیں،راتوں کو جاگنے والے ہی بلندیوں کو پاتے ہیں،احساس کمتری کا شکار نہ ہوں ،دنیا کا کونسا ایسا کام ہے جو آپ نہیں کر سکتے یہ صرف آپ کی کم ہمتی ہے کہ آپ کسی چیز کو نا ممکن سمجھیں،ہاں مگر سست اور غافل انسان دنیاو آخرت میںناکام ہی رہتا ہے۔جاتے جاتے آپ کو پھر یاد کرواتا چلوں کہ محنت، محنت ،بس محنت۔۔۔۔۔کام ،کام بس کام۔۔۔۔۔
کسی شاعر نے خوب کہا تھا۔
منزل کی تمنا ہے تو کر جہد مسلسل
خیرات میں جبہ و دستار نہیں ملتے
اور دعا تقدیر کو بھی بدل دیتی ہے۔اللہ تعالی آپ کو آپ کی سوچ سے بھی زیادہ کامیابی سے نوازے۔
اسلامک یوتھ ونگ کی کامیابی اور ترقی کے لیے ہمیشہ دعا گو رہیں جو آپ کی کامیابی اور ترقی کی خواہاں ہے اور کوشاں بھی۔
عظیم خوشخبری
اہل گاؤں کے لیے یقینا یہ کم مسرت والی بات نہ ہوگی کہ مستحق اور نادار لوگوں کے لیے اسلامک یوتھ ونگ کی طرف سے فری میڈیکل کی سہولت کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔مستحق لوگ ہر جمعرات کو'' محترم ڈاکٹر اشرف صاحب ''کے میڈیکل سٹور سے اپنا فری چیک اپ اور علاج کروا سکتے ہیں۔(پرچی فیس : صرف بیس روپے)
ایک گزارش
باذوق نوجوان بھائیوں اور بہنوں سے گزارش ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ دینی و دنیاوی معاملات میں ،صحیح اسلامی اصولوں کے مطابق قوم کی راہنمائی ہوتی رہے ۔پندرہ روزہ النصیحہ مسلسل چھپتا رہے ۔میڈیکل کی سہولت کو بہتر بنایا جائے۔اور مزید ایسے منصوبوں پہ کام شروع کیا جائے جن سے تمام اہل علاقہ کو فائدہ ہو تو آپ ہمارے دست بازو بنیں۔
LikeShow more reactions
Comment

Unknown

Some say he’s half man half fish, others say he’s more of a seventy/thirty split. Either way he’s a fishy bastard.

0 comments: